خیبر پختونخوا میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی، الرٹ جاری
پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں منگل کی شام سے شروع ہونے والی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے حوالے سے موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق، یہ سلسلہ وقفے وقفے سے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
PDMA کے اعلامیے کے مطابق، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔
PDMA نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری رکھیں۔ خاص طور پر بھاری اور ہلکی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ شدید بارش کے باعث پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے فوری نمٹا جا سکے۔
ادارے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، خستہ حال عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں۔
بالائی حساس علاقوں میں رہنے والے مقامی افراد اور سیاحوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
حساس علاقوں کی ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے مقامی زبانوں میں اعلانات کریں تاکہ پیغام ہر سطح تک پہنچ سکے۔
اگر کسی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ یا بارش کے باعث سڑکیں بند ہو جائیں، تو متعلقہ اداروں کو فوری بحالی اور متبادل راستے فراہم کرنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تفریحی مقامات پر روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال کی جانچ کر لیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں معلومات کے لیے PDMA کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
PDMA کا کہنا ہے کہ اس کا ایمرجنسی آپریشنز سینٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی اطلاع ٹول فری نمبر پر دے سکتے ہیں۔